ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مغربی بنگال ضمنی انتخاب: تمام 6 اسمبلی سیٹوں پر ترنمول کانگریس کی شاندار کامیابی

مغربی بنگال ضمنی انتخاب: تمام 6 اسمبلی سیٹوں پر ترنمول کانگریس کی شاندار کامیابی

Sun, 24 Nov 2024 11:16:36  SO Admin   S.O. News Service

کولکاتہ، 24/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مغربی بنگال کی ستائی، مداری ہاٹ، نیہاٹی، ہرووا، میدنی پور، اور تال ڈانگرا اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج کا اعلان آج ہوا۔ تمام 6 سیٹوں پر ترنمول کانگریس کے امیدواروں نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ ان نشستوں پر ترنمول کانگریس کو کسی بھی سیٹ پر مضبوط مقابلہ درپیش نہیں ہوا۔ بیشتر حلقوں میں جیت کا فرق 30 ہزار ووٹوں سے بھی زیادہ رہا، جس نے پارٹی کی واضح برتری کو مزید مستحکم کیا۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو ستائی اسمبلی سیٹ پر ترنمول امیدوار سنگیتا رائے نے 1 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے اپنے حریف بی جے پی امیدوار دیپک کمار رے کو شکست دی۔ سنگیتا رائے نے 1.66 لاکھ ووٹ حاصل کیے، جبکہ دیپک کمار کو محض 35 ہزار ووٹ ملے۔ مداری ہاٹ اسمبلی سیٹ پر جیت اور ہار کے درمیان کا فاصلہ 28 ہزار سے زیادہ ووٹوں کا رہا۔ اس سیٹ پر ترنمول امیدوار جئے پرکاش ٹوپو نے تقریباً 79 ہزار ووٹ حاصل کیے، جبکہ بی جے پی امدیوار راہل لوہار کو تقریباً 51 ہزار ووٹ ملے۔

نیہاٹی اسمبلی سیٹ پر ترنمول کانگریس نے سنت ڈے کو اپنا امیدوار بنایا تھا اور انھوں نے تقریباً 49 ہزار ووٹوں سے فتحیابی حاصل کی ہے۔ سنت ڈے کو تقریباً 78 ہزار اور ان کے حریف بی جے پی امیدوار روپک مترا کو تقریباً 30 ہزار ووٹ حاصل ہوئے۔ ہرووا اسمبلی سیٹ کا تذکرہ خاص ہے، کیونکہ یہاں دوسرے نمبر پر آل انڈیا سیکولر فرنٹ کے امیدوار پیارالاسلام رہے جنھوں نے تقریباً 26 ہزار ووٹ حاصل کیے۔ ترنمول کانگریس امیدوار ربیع الاسلام (1.57 لاکھ ووٹ) نے اس سیٹ پر تقریباً 1.31 لاکھ ووٹوں سے جیت حاصل کی۔ بی جے پی امیدوار نے اس سیٹ پر تیسرا مقام حاصل کیا۔

میدنی پور اور تال ڈانگرا اسمبلی سیٹوں پر ترنمول کانگریس امیدواروں نے تقریباً 34 ہزار ووٹوں سے جیت حاصل کی۔ میدنی پور سیٹ سے سجوئے حاضرہ ترنمول کانگریس امیدوار تھے جنھوں نے 1.15 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔ اس سیٹ پر بی جے پی امیدوار سبھاجیت رائے بنٹی کو تقریباً 81 ہزار ووٹ حاصل ہوئے۔ اسی رطح سے تال ڈانگرا اسمبلی سیٹ پر ترنمول کانگریس امیدوار فالگونی سنگھا بابو نے تقریباً ایک لاکھ ووٹ حاصل کیے، جبکہ بی جے پی امیدوار اننیا رائے چکربرتی کو محض 65 لاکھ ووٹ ملے۔


Share: